بھٹکل:10؍مارچ(ایس اؤ نیوز)کروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھارت میں بھی بڑھ جانے سے ریاست کرناٹک میں بھی عوام میں خوف وہراس پایا جارہا ہے اور ریاستی انتظامیہ اس مرض کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرتے نظر آرہی ہے۔ اس وائرس نے جہاں دنیا بھر میں پوری شئیر مارکٹ کو گرادیا ہے وہیں دنیا بھر کا کاروبار بھی چوپٹ کردیا ہے۔ مگر اب یہ وائرس اسکولوں میں بچوں کے سالانہ امتحانات پر بھی اپنے اثرات مرتب کرتا نظر آرہاہے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیمات عامہ نے طلبا کے سالانہ امتحانات میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے اور تمام اضلاع میں نوٹس جاری کی ہے۔
محکمہ تعلیمات نے اول جماعت سے ششم جماعت کے بچوں کے لئے کل یعنی 11 مارچ سے امتحانات شروع کرکے 16 مارچ سے پہلے ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ ہفتم اور دہم جماعتوں کے سالانہ امتحانات پہلے سے متعینہ تواریخ کوہی منعقد کئے جائیں گے۔
اس سلسلےمیں پیر کو بذریعہ وڈیو کانفرنس محکمہ تعلیمات عامہ کے کمشنر نے ریاست کے تمام اضلاع کے تعلیمات عامہ کے ڈپٹی ڈائرکٹر س کو ہدایات جاری کی ہیں۔ کمشنر کی ہدایات کے مطابق مارچ 11تاریخ سے ہی سالانہ امتحانات شروع کرنے کے لئے سرکلرس جاری کئے گئے ہیں۔
کاروار تعلیمی ضلع میں اول جماعت سے لے کر ششم جماعت کے سالانہ امتحانات 16مارچ سے پہلے ختم ہوجائیں گے۔ جب کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 23مارچ تک ختم کرنے کو کہاگیا ہے۔ اسی طرح سرسی تعلیمی ضلع میں اول سے ششم جماعت تک اور 8ویں اور 9ویں جماعت کے سالانہ امتحانات 11 سے 17مارچ کے درمیان مکمل کرلینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دونوں تعلیمی اضلاع کے ڈپٹی ڈائرکٹرس نے ہر تعلقہ جات کے بلاک ایجوکیشن آفیسرس کوہدایت جاری کی ہیں کہ وہ ان احکامات پر عمل کریں۔
اسی طرح بلاک ایجوکیشن آفسر کے ذریعے متعلقہ اسکولوں کے صدور مدرسین کو بھی سالانہ امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کرنے اور کل بدھ 11 مارچ سے ہی اول کلاس تا ششم جماعت کے امتحانات شروع کرنے کے لئے سرکلر جاری کیا ہےاور امتحانی اوقات کو نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں سمیت سرکار کی امداد سے چلنے والے اسکولوں اور غیر امدادی (پرائیویٹ) اسکولوں میں بھی متعینہ اوقات میں امتحانات مکمل کرنے کی ہدایت جاری ہیں۔
بھٹکل میں انجمن، نونہال،علی پبلک، مادر حوا و دیگر اسکولوں میں کل سے امتحانات؛ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کل یعنی 11 مارچ بروز بدھ سے اول جماعت سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کےلئے سالانہ امتحانات شروع ہوں گے اور متعینہ مدت یعنی 16 مارچ تک امتحانات اختتام کو پہنچیں گے۔ وہیں نونہال سینٹرل اسکول، علی پبلک اسکول اور مادر حوّا اسکول کے ذمہ داران نے بھی خبر دی ہے کہ اُن کے اسکولوں میں ششم جماعت تک کل بدھ سے سالانہ امتحانات شروع ہورہے ہیں۔ البتہ بھٹکل کے دوسرے دو ایک پرائیویٹ اسکولوں کے ذمہ داروں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ان کے اسکولوں میں پہلے سے طئے شدہ تاریخوں میں ہی امتحانات ہوں گے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔